21.11.07

جیل سے عمران خان کا پیغام

میرے کارواں میں شامل کوئی تنگ نظر نہیں ہے
جو نہ مٹ سکے وطن پر میرا ہمسفر نہیں ہے
کسی سنگ دل کے در پر میرا سر نہ جھک سکے گا
میرا سر نہ رہے مجھے اس کا ڈر نہیں ہے

میانوالی (جنگ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے قائد اور سابق رکن قومی اسمبلی عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل پرویز مشرف کے اقتدار کا سورج اب غروب ہونے والا ہے، اس کے امریکی سرپرستوں نے بھی دھتکار دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ جیل ڈی جی خان جیل میں پابند سلاسل عمران خان نے اپنے میانوالی کے حلقہ این اے 71 کے عوام کے نام ایک تحریری پیغام میں کہا ہے کہ وطن عزیز کی جمہوریت پسند غیور عوام کی جدوجہد انشاء اللہ کامیابی سے ضرور ہمکنار ہوگی ،پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداران، ورکرز اور عوام اپنے حوصلے بلند رکھیں اور جبر اور آمریت کی بیعت سے انکار کرکے حسینیت کا پرچم بلند رکھیں اور اس امر پر یقین رکھیں کہ فتح ہمیشہ حق و صداقت کی ہوا کرتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان نے اپنے پیغام کا اختتام ان شعروں پر کیا! میرے کارواں میں شامل کوئی تنگ نظر نہیں ہے ، جو نہ مٹ سکے وطن پر میرا ہمسفر نہیں ہے! کسی سنگ دل کے در پر میرا سر نہ جھک سکے گا، میرا سر نہ رہے مجھے اس کا ڈر نہیں ہے۔جسٹس افتخار محمد چوہدری اور ان کے ساتھ تمام ججز صاحبان پاکستانی قوم کا افتخار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جدوجہد آئین و قانون کی بحالی اور افتخار چوہدری سمیت پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کرنے والے تمام ججز صاحبان کی بحالی تک جاری رہے گی۔ ملک کے اندر ڈکٹیٹر شپ اور آمریت کے مکمل خاتمہ اور جمہوریت، عدلیہ، آئین کی مکمل بحالی اور میڈیا کی آزادی تک میں ڈی جی خان جیل میں بھوک ہڑتال جاری رکھوں گا اس سے میری موت بھی واقع ہو جائے تو میرے لئے ایک اعزاز ہوگا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ